ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محمد رضا مانوی بھٹکل ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب؛ شیلیش وئیدیا کا جنرل سکریٹری کے طور پر انتخاب

محمد رضا مانوی بھٹکل ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب؛ شیلیش وئیدیا کا جنرل سکریٹری کے طور پر انتخاب

Tue, 14 Jun 2022 19:51:55    S.O. News Service

بھٹکل 14 جون (ایس او نیوز)    کنڑا روزنامہ وارتھا بھارتی کے بھٹکل کے نمائندے محمد رضامانوی  بھٹکل تعلقہ  ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب ہوئے جبکہ  شیلیش وئیدیا  کا انتخاب جنرل سکریٹری کے طور پر  کیا گیا، اسی طرح نائب  صدر کے طور پر موہن نائک اور خزانچی کے طور پر محمد رضوان گنگاولی کا انتخاب عمل میں آیا۔  ساتھ ساتھ  اُترکنڑا  ڈسٹرکٹ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے سابق صدر رادھا کرشن بھٹ کو اعزازی صدر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ تمام عہدیداران کا انتخاب بالاتفاق رائے کیا گیا۔

عہدیداران کے انتخاب سے قبل   سابق صدر بھاسکر نائک نے  ضلعی صدر کی طرف سے موصولہ انتخابی  ہدایات کو ممبران کے سامنے پیش کیا۔ ضلعی  کمیٹی کے  نائب صدر بھوانی شنکر نائک نے  الیکشن آفسر کے طور پر انتخابی کاروائی کو انجام دیا اور تمام عہدیداران  کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایک طرف نو منتخب صدر نے بھٹکل جرنلسٹ اسوسی ایشن کو متحرک رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور اسوسی ایشن کی طرف  سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا، وہیں   رادھاکرشن بھٹ نے  نو منتخب عہدیداران کو  مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسوسی ایشن کو ہمہ وقت متحرک رکھنا چاہئے، ماہ دو ماہ میں  پروگرامس منعقد ہوتے رہنے چاہئے۔  صدر کا انتخاب ہوتے ہی  سابق صدر بھاسکر نائک نے رضامانوی کو صدر کا چارج سونپا۔ اس موقع پردیگر    اراکین عنایت اللہ گوائی،  رگھویندرا ہیبار،  محمد فیاض مُلاّ اور عتیق الرحمن شاہ بندری موجود تھے۔


Share: